اسلام آباد(ایوب ناصر،مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سردار یعقوب ناصر مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر منتخب ہوگئے‘ن لیگ کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی نے جمعرات کو پنجاب ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں اس فیصلے کی توثیق کردی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس 7ستمبر کو طلب کرلیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) کے مستقل صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اورسینٹرل ورکنگ کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اجلاس سے قبل ہی قائم مقام کے صدر کا اعلان کردیا گیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ پارٹی کا یہ فیصلہ اگر لاہور میں بیٹھ کر کیا جانا تھا تو اجلاس بلانے کی کیا ضرورت تھی، کیا یہ اجلاس صرف صدر کے نام کی توثیق کے لیے بلایا گیا ۔ اجلاس میں پارٹی کے سابق صدر نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کے لیے قائدانہ خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا جبکہ نواز شریف کو پارٹی قائد کا درجہ دیتے ہوئے ان کے قائدانہ کردار کو تسلیم کرنے کے لیے قرارداد بھی پیش کی گئی۔