• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہارس ٹریڈنگ پر پرویز خٹک کی نااہلی کیلئے صوبائی اسمبلی میں درخواست جمع

پشاور(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی نااہلی کیلئے سپیکر کو درخواست دیتے ہوئے ان پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگایا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر سپیکر نے ان کیخلاف کوئی کاروائی نہ کی تو وہ الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے، تحریک انصاف کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر معدنیات ضیا اللہ آفریدی کی جانب سے گزشتہ روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’’7اگست کو وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں انہیں75ارکان کی حمایت حاصل ہے حالانکہ اگر دیکھا جائے تو123رکنی ایوان میں تحریک انصاف اور اس کی اتحادی پارٹیوں کے ارکان کی مجموعی تعداد69بنتی ہے ایسے میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے 75اراکین کی حمایت کا دعویٰ ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف ہے جو ان کے حلف کے منافی ہے اسلئے پرویز خٹک صادق اور امین نہیں لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا بھی اعتماد کھو چکے ہیں اسلئے وہ اپنی حکومت بچانے کیلئے بعض ارکان کو خرید رہے ہیں جو صوبہ کے مقدس ایوان کی توہین ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر سپیکر نے وزیر اعلیٰ کی نااہلی کیلئے ضروری کاروائی نہ کی تو وہ اس ضمن میں الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے‘‘اس سلسلے میں ضیا اللہ آفریدی نے’’ جنگ‘‘ کو بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپوزیشن اراکین کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کرکے خود ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کیا ہے جو ان کے منصب کے منافی ہےکیونکہ پرویز خٹک نے بحیثیت وزیر اعلیٰ حلف اٹھایا ہے کہ وہ دیانت داری اور امانت داری کیساتھ اپنے منصب کا استعمال کریں گے اور ذاتی مفادات کیلئے سرکاری وسائل کا استعمال نہیں کریں گے چنانچہ وزیر اعلیٰ نے ہارس ٹریڈنگ کا دعویٰ کرکے اپنےحلف سے انخراف کیا ہے اسلئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اب صادق اور امین نہیں رہے ہیں اسلئے ان کیخلاف آئین کے آرٹیکل62، 63کےتحت کاروائی کرکے انہیں نااہل کیا جائے۔
تازہ ترین