کراچی (اسٹاف رپورٹر)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے فیصلے کے بعد حالات یہ بتارہے ہیں کہ نیب ریفرنس میں نواز شریف جلد گرفتار ہونے کے ساتھ ساتھ سیاست سے مکمل طور پر آؤٹ ہوجائیں گے، شریف خاندان میں اختلافات کی خبریں زیر گردش ہیں لیکن بیگم کلثوم نواز اور مریم نواز کبھی بھی شہباز شریف اور ان کی فیملی کی مسلم لیگ میں حاکمیت کو تسلیم نہیں کریں گی، نواز شریف کو سپریم کورٹ سے کم سزا ہوئی ہے، نواز شریف نے اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی اختیار کررکھی ہے، اس پالیسی سے جمہوریت کو تو نہیں بلکہ انہیں خود نقصان ہوگا، ملک میں سیاسی اتحاد بننے کا موسم شروع ہوچکا ہے، اس موسم میں مختلف پرندے اپنے گھونسلوں کو تبدیل کرینگے اور نئے گھرانے تلاش کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوامی مسلم لیگ سندھ کے صدر سید ریحان شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس سے کوئی نئی بات نہیں نکلی ہے۔ اس وقت پرویز رشید چوہدری نثار پر حاوی ہوگئے ہیں۔ چوہدری نثار نے اپنے اختلاف کی وجہ تو نہیں بتائی، وہ پکے مسلم لیگی ہیں۔ حالات کچھ بھی ہوں، وہ پارٹی تبدیل نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے اس بات کو مانتے ہیں کہ چوہدری نثار ڈان لیکس میں ملوث نہیں ہیں۔ ڈان لیکس کی رپورٹ منظر عام پر آنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ان کے مشیروں نے آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔ نواز شریف اب بھی سمجھ نہیں آرہی ہے۔
وہ اب بھی ٹکراؤ کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ نواز شریف کو سمجھنا چاہئے اور اپنے سیاسی مشیروں کو تبدیل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان حکومت کی وجہ سے نہیں بلکہ فوج اور سیکورٹی اداروں کی وجہ سے قائم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف شاہد خاقان عباسی پر اعتبار کررہے ہیں۔ کل وہ اگر ان کا کوئی کام نہیں کریں گے تو وہ اس کو بھی اسکرین سے آؤٹ کردیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہیوں نے کہا کہ مریم نواز انکی بیٹی کی طرح ہے اور ماروی میمن کی بات رہنے دے۔