کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل ماسٹرز ہاکی ایسوسی ایشن نے اگلے سال پاکستان میں ویٹرنز ہاکی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز منظور کر لی ہے جو ایسوسی ایشن میں ایشیا کے نمائندے پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نے پیش کی تھی، انہوں نے ہالینڈ میں ہونے والے اجلاس میں کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور ہاکی میں اس کا شان دار ریکارڈ ہے ، پاکستان میںہاکی مقبول ترین کھیل ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام کھلاڑیوں کو رہائش کی سہولت اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گا، اجلاس میں اگلے سال جولائی میں تراسا اسپین میں ویٹرنز ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی منظوری دی گئی جس میں مردوں اور خواتین کے 40،45،50،55،60،65سال کے ایونٹس ہونگے، اجلاس میں ٹیموں کی تعداد کو بھی حتمی شکل دی گئی، جبکہ ڈیولمپنٹ، کمٹیشن، فنانس اور دیگر کمٹیاں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وطن واپسی پر قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان میں ویٹرنز ہاکی کے روح رواں اصلاح الدین کو جنگ کو بتایا کہ ہالینڈ میں اس دوران یورپی ملکوں کا ویٹرنز ایونٹ کھیلا جارہا تھا جس میں 63 ٹیمیں ایکشن میں تھیں، انہوں نے کہا کہ اسپین کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم بھی حصہ لے گی۔