کراچی(ٹی وی رپورٹ)طاقت اور قانون میں مقابلہ ہونے جارہا ہے ،حکومت کی جانب سے نیب کا خاتمہ اور آئین میں ترمیم میٹھا نگلنے اور کڑوا اگلنے کے مترادف ہے ، اسی آئین کے تحت جیل کاٹنے والے بھی ہماری ہی رنگ و نسل کے لوگ ہیں،یہ بات سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے پروگرام’’جیوپاکستان‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں سابق ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل راجہ عامر ریاض نے کہا کہ قانونی مسئلے کو سیاسی مسئلہ نہیں بنانا چاہئے،جیت قانون کی ہوتی ہے۔اسی پروگرام میں سابق فاسٹ بولر وقاریونس نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عمران بھائی کے’’تم ٹیم کے ساتھ شارجہ جارہے ہو‘‘کے الفاظ بلندی پر لے گئے۔
پروگرام کے دوران شیخ رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف کو ان کا ایڈوائزر اس مقام تک لے آیا ہے،آخری مقام تک لے کر جائے گا ،نیب کے لاہور جانے سے شریف خاندان کے اسلام آباد نہ آسکنے کا حربہ ضائع ہو گیا ،شیخ رشید کا مزید کہنا تھاکہ اس وقت ملزم نواز شریف ہیں،یہ جو کچھ کرنے جا رہے ہیں خود بھی اس کے نتائج سے واقف نہیں ،پی پی اندر سے ن لیگ کے ساتھ نہیں ملی ہوئی،اس کا ثبوت زرداری کو دینا ہو گا،مستقبل قریب میں اگر پی پی، ن لیگ اور الطاف حسین کی جانب سے مل کر کوئی کھیل کھیلا گیا تو ملکی حالات دانشوروں اور سیاست دانوں کی سوچ سے کہیں زیادہ خراب ہو ں گے۔وقت آنے پر ہم 62,63 کے ساتھ کھڑے ہوں گے،آئین کے تحفظ کے لئے سپریم کورٹ بھی جا سکتے ہیںا ور سڑکوں پر بھی آسکتے ہیں ۔
اسی پر بات کرتے ہوئے سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل راجا عامر ریاض کا کہنا تھا کہ قانون اور سیاست میں جیت قانون کی ہوتی ہے اسی لئے قانونی مسئلے کو سیاسی مسئلہ نہیں بننا چاہیے ، تحریری طور پر نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کے اعلان سے نیب کے پاس ایک راستہ سختی اور دوسرا موجودہ شواہد پر ریفرنس دائر کرنے کا نظر آتا ہے ،اور ریفرنس دائر کرنے سے پہلے شریف خاندان کے اثاثوں کا منجمد کرنا نیب کے لئے ضروری ہوگا ،نیب کو ختم کرنے کی خبروں سے متعلق عامر ریاض کا کہنا تھا کہ اگر ایسے ہی قوانین ختم ہوتے رہے تو آج نیب ختم ہوگا کل پینل کورٹس تعزیرات پاکستان ختم کرنے کو کھڑے ہوں گے ، اس چیز کی اجازت نہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا ۔