اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ضلع اٹک کی یونین کونسل چھب میں وارداتیں بڑھ گئیں۔ پولیس کی موثر کارروائی نہ ہونے پر عوام خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔ چند دنوں میں ایک ہی محلے میں دوسرا ڈاکہ مار کر خواتین پر بدترین تشدد کر کے دانت توڑ دیئے گئے۔ چار سے پانچ رکنی ڈاکوئوں کا گینگ علاقہ میں سرگرم ہے اور ایسے گھروں میں ڈاکے ڈالتا ہے جہاں مرد موجود نہ ہوں۔ گزشتہ روز گلستان خان کے گھر ڈاکہ ڈالا گیا‘ اس دوران خاتون پر شدید تشدد کیا گیا۔ ایک دن پہلے باز خان کے گھر دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے خاتون خانہ شدید زخمی ہو گئی تھی۔ عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈاکوئوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔