کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعرات کو پاکستان کو کھیل کے میدان میں دو خوش خبری ملی، کرکٹ کی ورلڈ الیون کے پاکستان آنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو ہاکی کے میدان سے بھی اچھی خبر مل گئی، یورپین ہاکی ایونٹ پاکستان ہاکی ٹیم کے لئے خوش بختی بن گئی، پاکستان نے اگلے سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں رسائی حاصل کرلی۔ یورپین ہاکی چیمپئن شپ کے نتائج پاکستان کو فائدہ دے گئے۔ اس الٹ پھیرکے بعد پاکستان ورلڈ ہاکی لیگ لندن رائونڈ میں ساتویں پوزیشن پر ہونے کے کے باوجود ورلڈکپ میں پہنچ گیا۔
اس سے قبل یورپین چیمپئن شپ کی چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیمیں جرمنی، انگلینڈ، ہالینڈ اور بیلجیم نے پہلے ہی ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرلیا تھا، ہالینڈ اور انگلینڈ نے جون میں لندن میں ہونے والے ورلڈ کپ رسائی رائونڈ سے اور جرمنی، بیلجیم نے جولائی میں جوہانسبرگ میں کھیلے گئے رسائی رائونڈ میں ٹاپ چھ ٹیموں میں ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ کے لئے براہ راست رسائی حاصل کر لی تھی، جس کی وجہ سے پاکستان ورلڈ کپ میں پہنچ گیا، جس کے بعد ورلڈ کپ کے لئے 13ٹیموں کا بھی فیصلہ ہوگیا ،جن ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے ان میں میزبان بھارت، ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیم، کینیڈا، انگلینڈ، جرمنی،آئرلینڈ، ملائیشیا، ہالینڈ، اسپین، نیوزی لینڈ اور پاکستان شامل ہیں۔پاکستان نے لندن میں ہونے والے ورلڈ کپرسائی رائونڈ میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں پوزیشن حاصل کی تھی جس پر قومی ٹیم کے آ فیشلز کو تبدیل کردیا گیا تھا،قومی ہاکی ٹیم کی رینکنگ میں 14 ویں پوزیشن ہے، ورلڈ کپ اگلے سال 28نومبر سے16دسمبر تک بھونشور بھارت میں کھیلا جائے گا ۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کےسیکریٹری شہباز احمد نے قومی ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ہاکی کو نئی جان ملی ہے، قوم کو اچھی خبر مل گئی، اب ہم اس ایونٹ کے لئے بھر پور تیاری کریں گے۔