میرپورخاص(سلیم آزاد/نامہ نگار)سابق وفاقی وزیر اور میرپورخاص ،سانگھڑ کی اہم سیاسی شخصیت اسدعلی خان جونیجو کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی اطلاع پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مسلم لیگی حلقوں نے ان کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی شمولیت سے سندھ میں مسلم لیگ مزید آگے بڑھے گی۔
اسدعلی خان جونیجو ایک بڑے سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں،آپ شرافت اور دیانت کی سیاست کے علمبردار سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو مرحوم کے اکلوتے بیٹے ہیں،جونیجو خاندان ماضی میں موجودہ پیر پگارہ کےوالد اور آباؤ اجداد کے قریب سمجھا جاتا تھا۔اسد علی خان جونیجو کا آبائی گھر میرپورخاص کے قریب تعلقہ سندھڑی میں ہے جبکہ میرپورخاص میں بھی ان کی رہائش گاہ ہے،جو ماضی میں زیادہ تر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز رہی ہے،میرپورخاص اور سانگھڑ اضلاع میں جونیجو برادری خاصی اثر ورسوخ رکھتی ہے،اعلیٰ تعلیم یافتہ اسد علی خان جونیجو بھی اپنے والد کی طرح ملنسار ہیں اور ان کوعلاقے میں احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔مسلم لیگی حلقوں اور علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اسدجونیجو کی شمولیت سے سندھ میں مسلم لیگ(ن) کو تقویت ملے گی ۔