• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں 4سال کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ،  ڈالروں کیلئے نہیں  ملکی مفاد کیلئے پالیسی بنائی  جائے۔ ہم دوبارہ امریکہ کی غلامی میں نہیں جانا چاہتے۔ امریکہ کی امداد اس کے منہ پر ماری جائے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کواسلام آباد میں  پریس کانفرنس میں سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالروں کیلئے نہیں  بلکہ ملکی مفاد کیلئے پالیسی بنائی  جائے۔

ٹرمپ کے بیان پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسی بنائی جائے جو پاکستان کے مفاد میں پاکستان کی فوج اور عوام نے دہشتگردی کے خلاف ہزاروں قربانیاں دی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں امن آیا ہے ۔ ٹرمپ نے مودی کو خوش کرنے کیلئے پاکستان کو دھمکیاں دیں اور اعلان جنگ کیا ۔ امریکہ کا ساتھ دینے کے باوجود امریکہ نے آج مودی کو خوش کرنے کیلئے صلاح الدین اور تحریک آزادی کشمیر کو دہشتگرد قرار دے دیا ہے۔ امریکہ پاکستان میں دوبارہ دھماکے کروانا چاہتا ہے ۔

پاکستانی آزاد قوم ہیں نہ کسی سے ڈریں گے نہ جھکیں گے ۔دریں  اثناءامیر جماعت اسلامی پاکستان نے جے آئی یوتھ انٹرا الیکشن کے بعد منتخب ہونے والے نمائندوں  کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ 2018یوم پاکستان کے موقع پر ایک لاکھ 22ہزار منتخب نوجوانوں کو مینار پاکستان میں اکٹھا کریں گے ، قائداعظم کے ویژن کے مطابق اسلامی وخوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ۔

انہوں  نے کہا کہ جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن کے ذریعے نوجوانوں کو ملک کی ترقی کیلئے آگے لے کر آئیں ہیں، نوجوانوں کو سیاسی ایندھن بنانے کے بجائے ان کی اخلاقی اور نظریاتی تربیت کریں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ جے آئی یوتھ انٹرا الیکشن پارٹی میں جیتنے والے تمام امیدوار بغیر کسی دھاندلی کے جیتے اور ہارنے والوں نے جیتنے والوں کو مبارکباد دی ہے ۔ یوتھ لیڈر ہمارا اصل سرمایہ اور قوت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی جوانی پاکستان کی ترقی اور حفاظت کیلئے قربان کریں ۔

تازہ ترین