پشاور(نیوز ڈیسک)گورنمنٹ ڈگری کالج چترال نے انٹرمیڈیٹ کے حالیہ امتحانات میں ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ کالج کے تین طلبا ءنے اے پلس اور 95طلبا اے گریڈ میں پاس ہوئے ۔ کالج کے ہونہار طالب علم مختار احمد نے پری میڈیکل گروپ میں 486نمبر لے کر ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔وہ کالج کے پروفیسر سردار احمد کے صاحبزادے ہیں۔ گورنمنٹ کا لج کا مجموعی نتیجہ 93فیصد رہا۔کالج کے پرنسپل پروفیسرمسعود احمد نے شاندار کامیابی پر کالج کے اساتذہ اور طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور کوششوں سے ادارے کو ایک ممتاز مقام حاصل ہوا اور انٹر کے امتحانات میں گورنمنٹ کالج چترال گزشتہ کئی سالوں سے شاندار نتائج کا حامل رہا ہے۔