راولپنڈی(ساجد چوہدری اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے بھی پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کی منظوری دیدی ہے ، کمرشل جائیدادوں پر 30فیصد جبکہ رہائشی جائیدادوں پر 20فیصد اضافہ کیا گیا ہے ،چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ پہلے ہی اپنے ایریاز میں اسی شرح سےپراپرٹی ٹیکس میں اضافہ کر چکا ہے ،صفائی چارجز اور پانی کے بلوں میں پہلے ہی اضافہ کیا جا چکا ہے ، ذرائع کے مطابق پراپرٹی ٹیکس میں اضافے پر اگر کسی شہری کو اعتراض ہو گا تو اس کا کیس اسیسمنٹ کمیٹی کو ریفر کر دیا جائے گا ، پراپرٹی ٹیکس میں حالیہ اضافے کے حوالے سے منتخب ممبران سے پہلے کئی میٹنگز ہو چکی ہیں جس کے بعد گزشتہ روز ہونے والی بورڈ میٹنگ میں اس اضافے کی منظوری دی گئی، منتخب ممبر حافظ حسین احمدکا پراپرٹی ٹیکس میں حالیہ اضافے کو عوام سے زیادتی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پچھلے دو سالوں کے دوران عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا بلکہ عوام پر نئے ٹیکس لگانے کے ساتھ ساتھ صفائی اور پانی کے بلوں میں بھی اضافہ کیا جا چکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کمرشل پر 20فیصد جبکہ رہائشی جائیدادوں پر 10فیصد پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ کیا جانا چاہئے تھا۔