• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرنیشنل ٹینس نے پاکستان میں 3 انٹرنیشنل مقابلوں کی منظوری دیدی

اسلام آباد (اے پی پی) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے رواں سال پاکستان میں 3 انٹرنیشنل مقابلوں کی منظوری دیدی ہے۔ فیڈریشن ایونٹس میں شرکت کے لئے غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھر پور سیکیورٹی فراہم کرے گی۔ ہر ایونٹ کے لئے انعامی رقم 15ہزار ڈالر مقرر کر دی گئی ہے، ڈیوس کپ ٹائی کی پاکستان میں بحالی کے بعد کئی سال بعد ملک میں دیگربین الاقوامی مقابلے ہوں گے۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری ثناءاللہ امان کے مطابق تینوں عالمی مقابے رواں سال نومبر اور دسمبر میں پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ پی ٹی ایف نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی ڈیوس کپ ٹائی کے لئے گراس کورٹ تیار کیا ہے اور رواں سال نومبر اور دسمبر میں ہونے والے 3انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے بھی مزید ٹینس کورٹ تیار کرئیں گے۔ سیکرٹری ثناءاللہ امان نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے رواں سال پاکستان میں3انٹرنیشنل مقابلوں کی میزبانی ملک کے لئے خوش آئند ہے اس ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے بعد آئی ٹی ایف مزید ایونٹس کی میزبانی بھی پاکستان کو دے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھر پور سکیورٹی دیں گے۔ ایونٹس میں شرکت کے لئے غیر ملکی کھلاڑیوں کو جلد دعوت نامے بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں10 سے12 سال بعد ڈیوس کپ ٹائی کے مقابلے بحال ہوچکے ہیں۔ اپریل میں ہانگ کانگ نے پاکستان کے ساتھ ڈیوس کپ کے دوسرے راونڈ میں پاکستان آنے سے انکار کیا تھا جس کی وجہ سے آئی ٹی ایف نے ہانگ کانگ کو نہ صرف بھاری جرمانہ کیا بلکہ انہیں ڈیوس کپ ٹائی کے گروپ ٹو سے گروپ تھری میں بھی منتقل کیا۔اس سے قبل پاکستان نے ایران کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کے پہلے رائونڈ میں کامیابی سے انعقاد کیا تھا اور ہانگ کانگ کی ٹیم کو ٹائی کے دوسرے راونڈ میں پاکستان سے انکار پر آئی ٹی ایف نے جرمانہ کیا اور پاکستان کو واک اوور دیا تاہم آئندہ ماہ پاکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی گروپ ٹو کا فائنل کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین