پشاور(نمائندہ جنگ) صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈینگی حملہ اور اموات پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور وزیر صحت شہرام ترکئی سمیت حکومتی ذمہ داران کیخلاف مقدمہ کیلئے تھانے میں درخواست جمع کرادی گئی ہے جس میں ڈینگی وبا کی روک تھام کےلئے بروقت اقدامات نہ اٹھانے پر کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما ارباب خضر حیات خان کی جانب سے پولیس سٹیشن تہکال میں جمع کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’’ ہمارے علاقہ تہکال بالا ، تہکال پایاں، غریب آباد، جہانگیر آباد ، شاہین ٹاؤن اور پشاور کے دوسرے علاقوں میں ڈینگی وبا پھیل چکی ہے جس سے متعدد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد وائرس میں مبتلا اور ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں چونکہ صوبائی حکومت نے وبا کی روک تھام کےلئے بروقت اقدامات نہیں کئے اس غفلت کی وجہ سے تہکال میں تقریباً15اموات ہوچکی ہیں اور یہ وبا پھیلتا ہوا پشاور اور صوبہ کے مختلف شہروں میں بھی پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی جانیں خطرے میں ہیں اور عوام میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے، ان اموات کی براہ راست ذمہ داری وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی، سیکرٹری صحت عابد مجید، ضلع ناظم عاصم خان اور ڈی سی پشاور ثاقب رضا اسلم پر عائد ہوتی ہے لہذا ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے‘‘ ۔