حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا ہے کہ زیارت مقدسہ ماں مریم کیلئے جانے والے مسیحی ملازمین ادارے کی ترقی کیلئے دعا کریں، توقع کرتے ہیں کہ ملازمین اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کیلئے نیک بنتی کے ساتھ کام کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیارت مقدسہ مریم کیلئے جانے والے بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے مسیحی ملازمین کی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنے اندر کام کا جذبہ پیدا کریں اور اپنے حصے کا کام کریں، ہماری کوشش سے شہریوں کو سہولت مل جائے تو ادارے کی نیک نامی اور ہمارے لیے باعث عزت ہوگا۔ قبل ازیں بلدیہ اعلیٰ اسٹاف یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکریٹری اکرم راجپوت نے خطاب کرتے ہوئے 40 مسیحی ملازمین کو زیارت مقدسہ ماں مریم کیلئے بھیجے جانے کی باضابطہ منظوری دینے پر میئر سید طیب حسین اور اراکین کونسل بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر میئر نے زیارت مقدسہ ماں مریم جانے کیلئے بذریعہ قرعہ اندازی 40 مسیحی ملازمین کے ناموں کا اعلان کیا اور انہیں مبارکباد دی، علاوہ ازیں بلدیہ ملازمین میں یونیفارم تقسیم کیں۔