راولپنڈی (نمائندہ جنگ)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج محمد اصغر خان نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں دو وکلاء صفائی کی حتمی بحث مکمل ہونے کے بعد سماعت آج تک ملتوی کرتے ہو ئے حکم دیا ہے کہ آج دوپہر 12 بجے تک فریقین کے وکلا اپنی بحث مکمل کرلیں، منگل کو عدالت نے مقدمہ کی سماعت شروع کی تو محمد رفاقت، حسنین گل اور شیر زمان کے وکیل ملک جواد خالد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرے موکلین پر لگائے جانے والے الزامات کو ثابت کرنے کیلئے استغاثہ ابھی تک ٹھوس شواہد پیش نہیں کرپایا ، شیر زمان تقریباً دس برس سے اڈیالہ جیل میں ہے لیکن دوران ریمانڈ اس کے قبضے سے نہ تو کوئی ریکوری ہوئی اور نہ ہی صفحہ مثل پر شیر زمان کے حوالے سے کوئی ایسی چیز موجود ہے جسے جواز بنا کر اسے بینظیر قتل کیس میں ملزم ٹھہرایا جا سکے۔