کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے آفیشلز نے قومی کھلاڑیوں پر نئی پابندی لگادی جو عیدقرباں پر ستم سے کم نہیں۔ پلیئرز کو عید الاضحیٰ پرزیادہ گوشت نہ کھانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ عید کی وجہ سے کھلاڑیوں کو قومی کیمپ سے چھٹی دے دی گئی ہے ، کیمپ میں نو ستمبر سے دوبارہ پریکٹس شروع ہوگی۔
کھلاڑیوں کو عید کے لئے گھروں کو روانگی سے قبل ٹیم ٹرینر کی جانب سے ڈائٹ کا خصوصی پروگرام بھی حوالے کردیا گیا ہے جس میں چھٹیوں میں گوشت کے استعمال کو کم کرنے کی خاص ہدایت کی گئی ہے، انہیں پھلوں اور سلاد زیادہ کھانے کی ہدایت کی گئی ہے کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں کے دوران بھی اپنی ٹریننگ جاری رکھیں اور اپنے گھر کے قریبی گراؤنڈز میں صبح شام ٹریننگ کریں، اپنی فٹنس پر توجہ دیں۔
انہیں کہا گیا ہے کہ مرغن غذا کھانے سے ان کا وزن بڑھ سکتا ہے لہٰذاتکے بوٹیوں سے دور رہیں۔ اسی قسم کی ہدایت پی ایچ ایف ڈیولمپنٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی دی گئی ہے جن کو بھی کیمپ سے عید کی وجہ سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ اس ٹیم کا تر بیتی کیمپ چار ستمبر سے کراچی کے ایدھی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا ، ٹیم عمان کا دورہ کرے گی۔