پرویز مشرف کی سزا پر ان کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔
انہوں نے اپنے اعلامیے میں مزید کہا کہ جن 5افراد کو بری کردیا گیا ہے ان میں سے تین نے سہولت کاری کا اقرار کرلیا تھا، سمجھ سے بالا ہے کہ انہیں کیسے بری کردیا گیا۔
ڈاکٹر امجد نے کہا کہ مقدمے میں پولیس افسران کو سزائیں بھی انصاف کے منافی ہیں، اعلیٰ عدالتوں نے انصاف پر مبنی فیصلوں کی شروعات کر دی ہیں، وہ بھی ہائی کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کریں گے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں گرفتار 5ملزمان کو باعزت بری کر دیا ہے۔
سابق سی پی او سعود عزیز اور سابق ایس پی راول ٹاؤن خرم شہزاد کو جان بوجھ کر شواہد ضائع کر نے اور غفلت مجرمانہ برتنے پر مجموعی طور پر17/ 17 سال قید اور 10 / 10لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی ہے۔
عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دے کر جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔