راولپنڈی(نمائندہ جنگ) خصوصی عدالت سے فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر جیل کے باہر پیپلز لائرز فورم سے تعلق رکھنے والےوکلاء موجود تھے جہاں انہوں نے مظاہرہ کیا، اس موقع پر اسد عباسی ایڈووکیٹ، سید مسعود الحسن شاہ ایڈووکیٹ، چوہدری نور خان ایڈووکیٹ، پیپلز پارٹی راولپنڈی کینٹ کے صدر ملک ظہیر ارشد ایڈووکیٹ، شاہد محمود مغل ایڈووکیٹ، ساجد تنولی ایڈووکیٹ، خاتون راہنماء شہزادہ کوثر گیلانی سمیت دیگر وکلاء نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ فی الفور ملزم کو پاکستان لاکر انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، اسد عباسی نے کہا کہ اعلٰی انتظامی عہدوں پر فائز شخصیات کو سزا کا مطلب یہ ہے کہ اصل قاتل وہی ہیں جنہیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی حیات میں ہی بذریعہ ای میل نامزد کر دیا تھا لہذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان نامزد افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔پرویز مشرف کی جائیداد قرق کرنے بارے فیصلے پر فوری عمل کرتے ہوئے ان کے ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں اور بذریعہ انٹرپول گرفتار کر کے پاکستان لایا جائے۔ دریں اثناءانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سنائے جانے اور ملزمان کو بری کئے جانے کے بعد ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رہائی پانے والے ملزمان کے خلاف بھی ٹھوس شواہد موجود تھے نہیں معلوم اس کے باوجود کیوں انہیں بری کیا گیا فیصلے کیخلاف متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے اعترافی بیان بھی موجود ہیں۔