ڈگری (نامہ نگار ) ٹاون کمیٹی جھڈو کے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے کونسلر حاجی فضل الرحمان میمن نے چیئرمین اور ٹاؤن آفیسر پر کرپشن کے سنگین الزمات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین اور ٹاون آفیسر کو شہریوں کی خدمت سے زیادہ کرپشن سے دلچسپی ہے۔دونوں نااہل اور کرپٹ ہیں۔
دونوں کی ماہانہ لاکھوں روپے کی کرپشن کے ثبوت ان کےپاس موجود ہیں۔ جھڈو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہفتہ وار لگنے والی مویشی منڈی کے 3لاکھ 50ہزار میں سے ٹاؤن کمیٹی کے اکاؤنٹ میں صرف 48ہزار روپے جمع کرائے گئے ہیں وہ جاننا چاہتے ہیں کہ بقایا رقم کس نے خودبرد کی ہے۔ایک سال میں صرف مویشی منڈی میں کروڑوں کی کرپشن کی گئی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے الزامات کی جلد از جلد تحقیقات کرائی جائے-