• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھنے والے کی قبر وہیں کھود دینگے، سراج الحق

لوئر دیر(نمائندہ جنگ) مرکزی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور ہندوستان کے وزیراعظم مودی کو خبر دار کرنا چاہتا ہو کہ پاکستان جذبہ جہاد اور شوق شہادت کا نام ہے جس کسی نے اسے میلی آنکھ سے دیکھا اس کی قبر وہیں کھود دینگے ،ہائر سیکنڈری اسکول ثمرباغ جندول میں پرنسپل عبد الحمید ناصری کی صدارت میں 6ستمبر کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کیلئے ہمارے آباو اجدادنے بیش بہا  قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ علم و ادب مسلمانوں کی تہذیب تھی مگر ملک میں بر سر اقتدار اشرافیہ نے  اپنی ثقافت اور علوم و فنون چھوڑ کر بینک  بیلنس بڑھانے اور غیر مسلم ثقافت کو فروغ دینے کا سلسلہ شروع کر دیا ، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں جہاں جانوروں  کیساتھ معمولی ظلم پر لوگ آسمان سر پر  اٹھا لیتے ہیں وہی برما میں جاری ظلم اور دہشت گردی پر پوری دنیا  خاموش  ہے ، انہوں نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد جس مقصد کیلئے بنایا گیا تھا لگتا ہے اس سے وہ مقاصد حاصل نہیں ہو پائیں  گے،انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلامی ممالک کے سربراہان کو خط لکھے ہیں کہ برما میں جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے فوری او آئی سی کا اجلاس  بلایا  جائے ،انہوں نے کہا کہ اقتدار پر گذشتہ70سال سے قابض اشرافیہ نے ہر قسم  کی معدنیات سے مالا مال ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے ڈگریاں لینے والے ہزاروں نوجوان بے روزگار پھرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جہاں انصاف سستا ملے  ،جہاں غریب کو ہاتھ پھیلانے کی ضرورت محسوس نہ ہو جہاں نظام برابری کی بنیاد پر  چلے ، انہوں نے کہا  کہ نظام بدلنے کیلئے ہمیں بندوق کی نہیں  رائے بدلنے کی ضرورت ہوگی اور اقتدار کے ایوانوں تک ایسے حکمرانوں کو پہنچانا ہوگا جنہیں عوام کی غربت اور مسائل کا احساس ہو ، انہوں نے کہا کہ 8ستمبر کو لاہور تا اسلام آباد آبپارہ مارچ اور پھر 11ستمبر کو پاکستان میں برما کے سفارت خانے کا گھیراو  کرینگے ، انہوں نے عالم اسلام اور  پوری دنیا  سے مطالبہ کیا  کہ فوری طور پر برما سے سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں ۔

تازہ ترین