لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جے آئی یوتھ وومن ونگ کو دس لاکھ خواتین ممبربنانے کاہدف دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے تعاون کے بغیر کرپشن فری اور خوبصورت پاکستان کا قیام ناممکن ہے، جمعہ تک برمی سفیرکو ملک بدرنہیں کیا گیاتو ریڈزون کراسنگ کرنے پرسوچاجاسکتاہے۔برمامیں مسلمانوں پر جاری مظالم کے خاتمے تک ہمارااحتجاج جاری رہے گا،غاروں میں بیٹھے دہشت گردوں سے زیادہ خطرناک دہشت گرد ایوانوں کے اندر موجود ہیں اورانہوں نے پوری قوم اور سیاست کو یرغمال بنارکھا ہے ،ملک کو ایسے دہشت گردوں سے نجات دلانے کیلئے جے آئی یوتھ گرلزونگ کو اپناکردار ادا کرنا ہوگا،ساری دنیاکے مظلوم مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن ہمارے حکمران ظالم اور جابروں کے سامنے جھک گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشترہال پشاور میں جے آئی یوتھ گرلزونگ کے زیر اہتمام آزادی فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔آزادی فیسٹیول میں ملی نغموں ،سٹوری رائیٹنگ،ڈرائینگ اینڈ پینٹنگ،نیلام گھر کے مقابلے ہوئے ،جبکہ الامانہ یوتھ اکیڈمی کی طالبات نے امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کا ملی نغموں کی گونج میں زبردست استقبال کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج کی قیادت ہمیں مغرب سے ڈراتی ہے لیکن میں انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ ڈرنے اور جھکنے کی ضرورت نہیں ہے صرف اللہ سے ڈرنے اور دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ڈٹ کر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔