امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے میانمار کےسفیر کو ملک بدر کرنے اور او آئی سی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں جماعت اسلامی کےامیر سراج الحق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جس میں روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی سرینا چوک پہنچی تو مظاہرین نے خاردار تاریں ہٹانے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے ریلی میں شریک بعض افراد پر لاٹھی چارج کردیا۔
مظاہرین سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ میانمار کے سفیر کو ملک سے نکالا جائے اور اس معاملے پر اوآئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مظلوموں کی مدد کرنا اللہ کا حکم ہے، ہم چاہتے ہیں کہ میانمار میں مسلمانوں پر ظلم روکا جائے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اپنی پولیس یا املاک کو نقصان نہیں پہنچانا، ہم آج یہاں عالمی ضمیر جگانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔