راولپنڈی(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس محمد طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامرپر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سزاء یافتہ پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد کی اپیلیں سماعت کیلئے منظور کر لیں اور فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
سماعت شروع ہوئی تو دونوں افسران کی طرف سے راجہ غنیم عابر خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے عدالت نے سرکار اور مقدمہ کے مدعی سابق ایس ایچ او تھانہ سٹی انسپکٹر کاشف ریاض کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔
سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کوچیلنج کرتے ہوئے اپیلیں دائر کی تھیںجن میں موقف اختیار کیا تھاکہ ان کی سزائیں کالعدم قرار دے کرانہیں رہا کیا جائے جو شواہد پیش کئے گئے ٹرائل کورٹ نے ان کے مطابق فیصلہ نہیں دیا ۔
ادھر وکیل صفائی راجہ غنیم عابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شواہد کے مطابق فیصلہ نہیں دیا گیا اسی لئے اسے چیلنج کیا ہے ۔دونوں کی سزاء کالعدم قرار دینے اور ان کی بریت کی استدعا کی گئی ہے اپیلیں اب آئندہ باقاعدہ سماعت کیلئے فکس کی جائیں گی۔