اسلام آباد (نمائندہ جنگ)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ چوہدری نثار سے ان خطرات کی تفصیلات کے بارے میں پوچھا جائے جن کے بارے میں انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے ، موجودہ وزیر داخلہ اس بارے میں ایوان کو اعتماد میں لیں، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ملک کو بہت بڑا خطرہ درپیش ہے اور خطرات اتنے سنگین ہیں کہ بتائے نہیں جاسکتے،اس خطرے کے بارے میں ملک میں صرف چار افراد کو معلوم ہے جن میں سابق وزیراعظم ،دو فوجی افسران سمیت وہ خود شامل ہیں جبکہ ان خطرات کا موجود ہ وزیراعظم کو بھی علم نہیں، اس پر چیئرمین سینٹ رضاربانی نے کہا کہ چوہدری نثار نے یہ بات دو مرتبہ کی ہے ایک اس وقت جب وہ خود وزیر داخلہ تھے ، یہ بہت تشویشناک ہے کہ موجودہ وزیر اعظم بھی ایسے کسی معاملے سے آگاہ نہیں ، اس معاملے پر نوٹس لے لیا گیا ہے آج وزیر داخلہ کو ایوان میں بلایا جائے گا کہ وہ اس معاملے سے آگاہ کریں ۔