• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد قیصر، افتخار الحسن شاہ کیخلاف مقدمے بند کرنے،آصف ہاشمی کیخلاف ریفرنس کی منظوری

اسلام آباد(طاہر خلیل) نیب نے اسد قیصر اور افتخار الحسن شاہ کےخلاف مقدمے بند کرنے کا فیصلہ اور آصف ہاشمی کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں پیش کرنے کی منظوری دیدی، بدھ کو نیب ایگزیکٹو بورڈ کااجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت ہوا ۔

اجلاس میں سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک سید آصف اختر ہاشمی اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ملزمان پر ہائی لنک کیپیٹل پرائیویٹ لمیٹڈ میں غیر قانون سرمایہ کاری کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو 1.3ارب روپے کا نقصان پہنچا ، ایگزیکٹو بورڈ نے میسرز عمیر سٹیل انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کے ڈائریکٹرز/ ضمانتیوں اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی ، ملزمان پر بینک نادہندہ ہونے کاالزام ہے ،ملزموں نے قومی خزانے کو 52.290 ملین روپے کا نقصان پہنچایا ۔

میسرز نالج کینیٹک پروگرام پرائیویٹ لاہور، واپڈا افسران، دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری بھی دی گئی،اجلاس میں میسرز پاور پاک کمپنی کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی، ملزموں نے قومی خزانے کو 164.826ملین روپے کا نقصان پہنچایا ۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی پی ایس 18عبدالرؤف کھوسو اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔  اجلاس میں سابق ڈائریکٹر نارا کینال (ایس آئی ڈی اے) میر پور خاص سعید احمد، محکمہ آبپاشی سندھ این اے ایس آر اے ٹی ڈویژن کے افسران اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔  ایگزیکٹو بورڈ نے میسرز نالج کینیٹک پروگرام پرائیویٹ لاہور، واپڈا کے افسروں اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر منگلہ ڈیم رائزنگ پراجیکٹ کی تعمیر میں باقاعدگیوں کا الزام ہے جس میں قومی خزانے کو 4ارب روپے کا نقصان پہنچاہے ۔

اجلاس میں پاکستان پٹرولیم کے افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا ۔  اجلاس میں ایف جی ایس/انچارج پی آر سی سریاب کوئٹہ عنائت اللہ محکمہ خوراک کے حکام اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کے خلاف منظوری دی،ایگزیکٹوبورڈ نے سابق سیکرٹری محکمہ خصوصی تعلیم حکومت سندھ نور محمد لغاری، حکومت سندھ اور دیگر کے خلاف دوبارہ انکوائری کی منظوری دی ، ایگزیکٹو بورڈ نے عدم ثبوت کی بناء پر سپیکر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا اسد قیصر اور رکن قومی اسمبلی سیالکوٹ سید افتخارالحسن شاہ کے مقدمات بندکرنے کافیصلہ کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے لئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرنے کے لئے پر عزم ہے ۔

انہوں نے نیب کے تمام افسران نے ہدایت کی وہ شکایت کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں، انویسٹی گیشن، میرٹ ، شفافیت اور قانون کے مطابق نمٹائیں۔

تازہ ترین