• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد خاقان عباسی اور کابینہ ارکان آج نوازشریف سے لندن میں ملاقات کرینگے

لندن (مرتضیٰ علی شاہ)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے ہیں ، وہ اور ان کی کابینہ کے ارکان آج سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کریں گے ، جس میں متعدد پیچیدہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی گزشتہ روز براستہ نیو یارک لندن پہنچے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72ویں سیشن میں شرکت کریں گے ، جس کا آغاز 18ستمبر 2017کو ہوگا۔ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال ہائی کمشنر سید ابن عباس نے اپنے عملے کے ساتھ کیا۔وزیرا عظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے ۔پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ آج نواز شریف سے ملاقات کریں گے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر اسحٰق ڈار اور فواد حسین فواد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی اور دیگر پورا دن نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کے ساتھ گزاریں گے ، جن کا گلے کے کینسر کا علاج جاری ہے۔یہ بات بھی واضح ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف ، اسحٰق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی معزول وزیرا عظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں شریک ہوں گے۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کی موجودہ صورتحال ، توانائی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور شریف خاندان کو درپیش قانونی مسائل زیر بحث آئیں گے۔شاہد خاقان عباسی سمیت مسلم لیگ (ن)کے رہنمائوں بشمول وفاقی وزراءیہ سمجھتے ہیں کہ سابق وزیر اعظم کو عدالت عظمیٰ نے کمزور بنیادوں پر معزول کیا، جس کی بنیاد نواز شریف کے خلاف کی جانے والی سازشیں تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان سے انتقام احتساب کے نام پر لیا گیا ہے، جب کہ اس مقصد کے لیے عدالت عظمیٰ کااستعمال کیا گیا۔

تازہ ترین