• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ کیلیے قومی ہاکی ٹیم کے ٹرائلز کا کل کراچی میں آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے دو روزہ ٹرائلز منگل اور بدھ کو ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں ہونگے، پی ایچ ایف ڈیولپمنٹ ہاکی ٹیم کے ساتھ عمان کا دورہ کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی وطن واپسی پر کیمپ میں ایک بار پھر شمولیت اختیار کرلی ہے۔

ان میں کپتان شجیحہ احمد، ایم عتیق، نوید، مبشر علی شامل ہیں۔ فل بیک عرفان جو گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے ٹریننگ سے باہر تھے، انہوں نے بھی تربیت شروع کردی ہے، ٹیم آفیشل ان کی فٹنس سے مطمئن ہیں۔ سابق قومی کپتان حسن سرادر کی سر براہی میں قومی سلیکشن کمیٹی دوروزہ ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ امکان ہے کہ چند نئے چہروں کوٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔

کپتان کی تبدیلی بھی خارج ازامکان نہیں ۔ ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ گزشتہ ایک ماہ سے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ باضابطہ طور پر ٹیم کا اعلان 20 ستمبر کو کیا جائے گا۔ ہیڈ کوچ فرحت خان نے کہا ہے کہ کھلاڑی مکمل فٹ ہیں۔ ایشیا کپ میں مشکل حریفوں کا سامنا ہوگا۔ انکی فٹنس اور تیکنک ہم سے بہتر ہے ۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کے کھیل کو بھی درست سمت میں لانے کی کوشش کی گئی ہے، ایشیا کپ میں اچھی پر فار منس کا مظاہرہ کریں گے۔

تازہ ترین