راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے شہر میں صفائی بالخصوص نالوں اور نالیوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔اس حوالے سےچیف آفیسر میونسپل کاروریشن راولپنڈی خالد جاوید گورائیہ نے باقاعدہ مراسلہ ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو بھجوایا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ہیں لیکن شہر میں صفائی کی صورتحال درست نہیں ہے۔ خاص طور پر نالوں اور نالیوں کی صورتحال ایسی ہے جہاں مچھروں کی افزائش کا اندیشہ ہے۔کیونکہ نالے کوڑے سے بھرے ہوئے ہیں۔اس حوالے سے کمپنی سٹاف کو بار بار آگاہ کیا گیا لیکن صورتحال بہتر نہیں ہوئی۔صفائی کے حوالے سے یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کی شکایات پر بھی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ایم ڈی کمیپنی زاتی طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیں اور صفائی کی حالت فوری طور پر بہتر کرائیں۔