احتساب عدالت سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وطن واپسی کا فیصلہ ضمانت قبل از گرفتاری ملنے تک مؤخر کردیا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اگر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد ہو گئی تو اسحاق ڈار بیرون ملک ہی رکیں گے اور اپنی وزارت سے مستعفی بھی ہو سکتے ہیں۔
نمائندہ جیو نیوز اشرف ملخم کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ کے قریبی ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ اسحاق ڈار کو آج صبح بیرون ملک سے پاکستان واپس پہنچنا تھا لیکن وکلا نے انہیں مشورہ دیا کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے ا ن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، اس لیے وہ ضمانت قبل از گرفتاری منظور ہونے تک بیرون ملک ہی رکیں۔
وکلا نے اسحاق ڈار کو فوری ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کرانے کا مشورہ بھی دیا، قریبی ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے وکلا کے مشورے پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب ضمانت قبل از گرفتاری ملنے کے بعد ہی وطن واپس آئیں گے۔