کراچی/حیدرآباد (نیوز ایجنسیز) پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ عمران پہلے اپنے باپ کا بتائیں نوکری سے کیوں نکالا گیا، سیٹی بجانے والوں نے اب عمران خان سے ہاتھ اٹھالیا ہے، عمران خان شکست خوردہ ٹولہ بن چکا ہے اور جلد سیاست سے بھی آئوٹ ہوجائیگا ، عمران خان آصف زرداری کا نام لینے سے پہلے منہ دھو کر آئیں، زرداری سینما کی ٹکٹیں نہیں بیچتے تھے ان کا اپنا سینما ہے۔
بدھ کو پی پی پی میڈیا سیل کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان کا حیدرآباد جلسہ ناکام شو رہا اور ان کے جلسے میں سات ہزار کرسیوں میں سے بھی آدھی کرسیاں خالی رہی اور عارف علوی جلسے میں عوام کی بڑی تعداد ہونے کے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں کیوں کے پی ٹی آئی کا یہ وطیرہ رہا ہے کے وہ پانچ ہزار لوگوں کو پانچ لاکھ لوگ گنواتے ہیں۔
انھوں نے کہا کے اگر پی ٹی آئی کے حیدرآباد جلسے میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت نہیں کی اور کرسیاں خالی تھی تو اس میں پیپلز پارٹی کا کیا قصور ہے۔ انہوں نے کہا کے عمران خان حیدرآباد جلسے میں کم لوگ دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار بن چکا ہے اور مسلسل ناکامی عمران خان کا مقدر بن چکی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ فنکشنل لیگ کے صدرالدین شاہ راشدی کو فوج کے اقتدار میں آنے کے خواب آئینگے کیوں کے انہیں نوکری کرنی ہے۔