• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینٹ، شعبہ بلڈنگ کنٹرول کےبلڈنگ چیکرز کی اکثریت نان ٹیکنیکل نکلی

راولپنڈی (ساجد چوہدری ،اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول میں لگائے گئے بلڈنگ چیکروں کی اکثریت کے نان ٹیکنیکل (کلاس فور کے ملازمین) ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،حالانکہ بلڈنگ چیکر کی تعلیمی قابلیت سول میں ڈپلومہ ہونا ضروری ہے تاکہ وہ موقع پر نقشہ کے مطابق تعمیرات کرواسکیں ۔ محض خانہ پری کیلئے نان ٹیکنیکل لوگوں سے ہی اس انتہائی اہم شعبہ میں ہی کام چلایا جاتا رہا ہے ۔گزشتہ روز غیرقانونی تعمیرات کے الزام میں معطل کئے جانے والے 6بلڈنگ چیکروں میں سے پانچ نان ٹیکنیکل ( فائرمین، پمپ اٹینڈنٹ وغیرہ) تھے اور بلڈنگ چیکروں کی ڈیوٹی دے رہے تھے ،یہ وہ لوگ ہیں جو نقشے کو پڑھ ہی نہیں سکتے۔کینٹ بورڈ ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 11بلڈنگ چیکر تعینات تھے جن میں سے 9نان ٹیکنیکل بلکہ اکثریت گریڈ ون وغیرہ کے ملازمین تھے،بلڈنگ چیکروں کی ڈیوٹی پر مامور معطل کئے جانے والوں میں محمد رضوان مارکیٹ منشی، محمد اکمل فائر مین، ابوذر ضیاء فائر مین، ظفر حیات پمپ اٹینڈنٹ ، اعجاز یو ڈی سی شامل ہیں ، ان میں صرف ایک بلڈنگ چیکر چوہدری جواد علی تھا، معطلی سے بچ جانے والوں میں پائپ فٹر، سروے قلی اور یو ڈی سی بلڈنگ چیکر لگے ہوئے ہیں ، منگل کے روز لینڈ برانچ سمیت دیگر شعبوں کے سربمہر کرائے جانے والے دفاتر دوسرے روز بدھ کو بھی سربمہر رہے ، معطل عملہ کیلئے چارج شیٹ تیار کر لی گئی ، معطل عملہ کو آئندہ ایک دو روز میں چارج شیٹ کر دیا جائے گا۔
تازہ ترین