وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان غیروں کی جنگ میں بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کرتا رہا۔
اسلام آباد میں بین الاقوامی یوم امن کے حوالے سے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سوویت جنگ میں ہم ہنسی خوشی پہنچ گئے کہ ہمارابھی مفادہوگا ،مغرب نے سوویت یونین کو شکست دے کر انعام کی ٹرافی لی اور ہمارے حصے میں بے امنی اور لاکھوں افغان مہاجرین آئے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک ،قوم کی ترقی کے لیے امن نہایت ضروری ہے، امن نہ ہوتوچاہے بہترین ٹیکنوکریٹ آجائیں ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سے قبل عالمی میڈیا پاکستان کی معاشی زبوں حالی بیان کررہا تھا،آج وہی میڈیا پاکستانی معیشت کے استحکام کی خبریں دے رہاہے،اسے تبدیلی کہتے ہیں جو آگئی ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ کچھ لوگ مذہب کی غلط تشریح کرکےنوجوانوں کوگمراہ کرتےہیں۔