قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ اب تو یقین ہوگیا کہ بے نظیر کے قتل میں پرویز مشرف ملوث ہیں، جب ہی فرار ہیں۔
خورشید شاہ نے سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ درخواست ہے کہ عدالت مشرف کو بلا کر ثبوت مانگے۔
اپوزیشن لیڈر کا یہ کہنا ہے کہ پرویز مشرف کے اس ویڈیو بیان کے بعد اب تو یقین ہوگیا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل میں پرویز مشرف ملوث ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھٹو خاندان کے نام اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
پرویز مشرف نے اپنے پیغام میں بے نظیر بھٹو اور ان کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا ذمہ دار آصف علی زرداری کو قرار دیا ہے۔
اس سے قبل راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 31 اگست کو بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 ملزمان کو بری اور 2 پولیس افسران کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی ۔
عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم بھی دیا تھا۔