کراچی(ا سٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں قومی ہاکی ٹیم سے بعض سینئرکھلاڑیوں کو بیرون ملک ہاکی لیگ میں مصروف ہونے کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کرنے سے ہونے والے نقصان کے بعد پی ایچ ایف کے حکام نے اپنی پالیسی میں نرمی کردی ہے اور کیمپ میں کھلاڑیوں کی شر کت کو لازمی قرار دینے کے اپنے فیصلے کو تبدیل کردیا ہے۔ راشد محمود اور رضوان سینئر بیرون ملک لیگ ہاکی کھیلنے کی وجہ سے ٹرائلز میں شریک نہیں ہوئے انہوں نے فٹنس کیمپ میں حصہ لیا تھا اور چار دن بعد لیگ کھیلنے بیرون ملک چلے گئے ۔ نئے کپتان محمد عرفان بھی کیمپ سے غیر حاضر رہے اور صرف ٹرائلز میں شرکت کی تاہم یہ کھلاڑی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔