لاہور( نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیازی دن رات جھوٹ بولتا ہے اسے آدھا گھنٹہ پہلے کی ہوئی بات بھی یاد نہیں رہتی، الزامات عدالت میں ثابت کریں، خان صاحب عدالت سے بھاگتے ہیں۔ گزشتہ روز تین صوبوں کو ملانے والی ڈیرہ غازیخان مظفرگڑھ دو رویہ سڑک منصوبے کے افتتاح کے موقع پر ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں الگ الگ بڑے جلسوں سے خطاب کے دوران انہوں نےجنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے نئے منصوبوں کا اعلان کیا-
وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ اس اہم ترین منصوبے پر 13 ارب 38 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور55 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و توسیع سے علاقے اور دیگر صوبوں کے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی۔ ڈیرہ غازی خان -مظفر گڑھ دو رویہ سڑک ایک تاریخی منصوبہ ہے اور بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی اس شاہراہ سے پنجاب آنے جانے کے روابط بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے وسطی پنجاب سے نہ ملا دوں ،میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی مخالفین گلہ پھاڑ پھاڑ کرکہتے ہیں کہ بڑی کرپشن ہے۔
جب انہوں نے یہ الزام لگایا کہ میں نے جاوید صادق نامی شخص سے 27ارب روپے کی رشوت لی تو میں نے خان صاحب کو نوٹس دیاجس کا انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔ پھرنیازی صاحب نے کہا کہ پاناما کیس میں نوازشریف خاندان کو بچانے کیلئے میں نے 10ار ب رشوت دی۔ اس پر بھی میں نے انہیں نوٹس بھجوایا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہ دیا اور نہ ہی خان صاحب عدالت میں حاضر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب ملک کی دولت کو لٹیروں سے بچانے کے لئے اتنے چیمپین بنتے ہیں تو میں انہیں چیلنج کرتاہوں کہ اگر مجھ پر ایک دھیلے کی کرپشن کا بھی الزام ہے تو عدالت میں ثبوت دو۔
خان صاحب اتنے ہی چیمپین بنے پھرتے ہیں تو وہ میرے نوٹس پر جواب بھی دیں لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا-بلکہ خان صاحب عدالت سے بھاگتے ہیں-وزیراعلی نے ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں علیحدہ علیحدہ تقریبات میں ڈیرہ غازی خان مظفرگڑھ دو رویہ سڑک کے آغاز تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں میٹروبس سروس شروع کرنے ،ڈی جی خان ٹیچنگ اسپتال میں کڈنی اور دل کے امراض کے وارڈوں کے قیام اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ سے ہیڈ پنجندتک 90کلو میٹر طویل سڑک کو دورویہ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا جبکہ مظفرگڑھ میں بہائوالدین ذکریایونیورسٹی کا کیمپس بنانے کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ جلد ہی مظفر گڑھ میں بھی میٹروبس چلے گی۔