• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ غازی خان میں 3صوبوں کو ملانے والی سڑک کا افتتاح، نیازی جلسے کرتے ہیں الزام عدالت میں ثابت کریں، شہباز شریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیلاب کے دنوں میں قسم کھائی تھی کہ جنوبی پنجاب کی حالت بدلوں گا ،نیازی صاحب  جلسے کرتے ہیں ،وہ عدالت میں آکر مجھ پر لگائے الزام  ثابت کریں،نیازی دن رات جھوٹ بولتا ہے اسے آدھا گھنٹہ پہلے کی  بات بھی یاد نہیں رہتی ۔ ڈیرہ غازیخان  میں 3صوبوں کو ملانے والی  سڑک کے افتتاح کے موقع پرڈیرہ غازی خان او رمظفر گڑھ میں الگ الگ بڑے جلسوں سے خطاب کے دوران انہوں نےجنوبی پنجاب کی ترقی اوروہاں کے عوام کی خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے نئے منصوبوں کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں میٹروبس سروس شروع کرنے ،ڈی جی خان ٹیچنگ ہسپتال میں کڈنی اورد ل کے امراض کے وارڈوں کے قیام اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کا اعلان کیا ۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ سے ہیڈ پنجندتک 90کلو میٹر طویل سڑک کو دورویہ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیاجبکہ مظفرگڑھ میں بہائوالدین ذکریایونیورسٹی کا کیمپس بنانے کا بھی اعلان کیااور کہاکہ جلد ہی مظفر گڑھ میں بھی میٹروبس چلے گی۔شہبازشریف نے ڈیرہ غازی خان میں ڈیرہ غازی خان مظفرگڑھ دو رویہ سڑک کے آغاز تعمیر کے منصوبے کے افتتاح کے بعد بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس اہم ترین منصوبے پر 13 ارب 38 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور55 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و توسیع سے علاقے اور دیگر صوبوں کے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی۔ ڈیرہ غازی خان -مظفر گڑھ دو رویہ سڑک ایک تاریخی منصوبہ ہے اور بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی اس شاہراہ سے پنجاب آنے جانے کے روابط بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب تک جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے وسطی پنجاب سے نہ ملا دوں ،میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ آج جس عظیم الشان منصوبے کا سنگ بنیاد رکھاگیا ہے اس سے ڈیرہ غازی خان سے مظفرگڑھ تک دورویہ سڑک بنے گی،55کلو میٹر طویل سڑک کے اس تاریخی منصوبے پر 13ارب روپے سے زائد خرچ ہوں گے اوراس عوامی منصوبے کو اگلے سال 30جون تک مکمل کرلیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی مخالفین گلہ پھاڑ پھاڑ کرکہتے ہیں کہ بڑی کرپشن ہے۔جب انہوں نے یہ الزام لگایا کہ میں نے جاوید صادق نامی شخص سے 27ارب روپے کی رشوت لی تو میں نے خان صاحب کو نوٹس دیاجس کا انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔پھرنیازی صاحب نے کہا کہ پاناما کیس میں نوازشریف خاندان کو بچانے کیلئے میں نے 10ار ب رشوت دی ۔اس پر بھی میں نے انہیں نوٹس بھجوایا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہ دیااورنہ ہی خان صاحب عدالت میں حاضر ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب ملک کی دولت کو لٹیروں سے بچانے کے لئے اتنے چیمپین بنتے ہیں تو میں انہیں چیلنج کرتاہوں کہ اگر مجھ پر ایک دھیلے کی کرپشن کا بھی الزام ہے تو عدالت میں ثبوت دو۔خان صاحب اتنے ہی چیمپین بنے پھرتے ہیں تو وہ میرے نوٹس پر جواب بھی دیں لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا -10ارب روپے کی رشوت کی پیشکش کی بے بنیاد بات کا بھی کوئی جواب نہیں دیا ،بلکہ خان صاحب عدالت سے بھاگتے ہیں-میں نے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔ان لوگوں کو ملتان میٹرو کی تکلیف ہے،ڈینگی آیا تو ہم نے اپنے بھائیوں کی مدد کے لئے ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کی او رسب کچھ لے کر حاضر ہوئے -میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ اگر میرے تینوں ادوار میں ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو عوام کا ہاتھ اورمیرا گریبان ہوگا۔یہی نہیں اگر میرے مرنے کے بعد بھی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوجائے مجھے قبر سے نکال کر لٹکا دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب ایسا شخص ہے جو دن رات جھوٹ بولتا ہے اوراسے وہ بات بھی یاد نہیں رہتی جو وہ آدھا گھنٹہ پہلے کہہ چکا ہوتا ہے ۔اگر ایسا شخص عوامی لیڈر بن کر سامنے آرہا ہے تو قوم خود فیصلہ کرے کے وہ اپنے بچوں کو کیسے عظیم معمار بناسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے 9سالہ دور میں غریب قوم کی محنت اورخون پسینے کی کمائی کے اربوں روپے بچائے ہیں ۔میر ے خلاف ملتان میٹروبس کرپشن کا ایک بے بنیاد الزام اورڈھکوسلہ گھڑا گیا۔الزام تھا کہ میں نے ملتان میٹروبس کے شاندار منصوبے میں اپنی کمپنی کے ذریعے 1ارب 70کروڑ روپے چین منتقل کیے ہیں ۔میں نے چیلنج دیا کہ 48گھنٹے میں ثبوت لے آؤ اوراگر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو میں اللہ تعالیٰ اورعوام کی عدالت کا مجرم ہوں ۔چین کی حکومت نے بھی اس الزام کو جھوٹ اورفراڈ قرار دیا۔ملکی اداروں نے بھی اس کی تحقیقات کیں اوراس الزام کے فراڈ کوسامنے لے کرآئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب پنجاب کو ڈینگی کی وباء کا سامنا کرنا پڑا تو نیازی صاحب نے نوازشریف اور مجھے ڈینگی برادران کا لقب دیا۔اب یہی وباء پشاور میں آئی ہے ،ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پشاور کے عوام کو اس وباء سے جلد نجات دلائے۔پشاور میں جب ڈینگی کی وباء آئی تو خان صاحب پہاڑوں کی  سیر کرتے رہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان کے عوام نے اتنی بڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں آکر میری تھکاوٹ اتار دی ہے اور مجھے یقین ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں ڈی جی خان پاکستان مسلم لیگ(ن) کا قلعہ ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر جنوبی پنجاب کے عوام نے مسلم لیگ(ن) کو ایک بار پھر خدمت کا موقع دیا تو ہم ڈی جی خان،مظفرگڑھ اورجنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کو لاہور کے برابر لانے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اورپولیس لوکل گورنمنٹ کا ساتھ دیں اورترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ان کی بھر پور معاونت کریں اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو خمیازہ بھی بھگتنا پڑے گا۔ڈیرہ غازی خان دورویہ سڑک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور فیصل سٹیڈیم مظفرگڑھ میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو دن رات کرپشن کے خاتمے کی بات کرتے ہیں وہ جھوٹ بولتے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے صوبے میں ایک دھیلے کا بھی کام نہیں کیاہے ۔جو جھوٹ بولتے ہیں،کرپشن کرتے ہیں اورپاکستان کو قائد ؒو اقبالؒ کاپاکستان نہیں بننے دینا چاہتے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی مخالفت کرتے ہیں ،آپ نے ان کامقابلہ کرنا ہے،ان کے ساتھ لڑنا ہے اورانہیں ان کے مذموم ارادوں میں ناکام بنانا ہے۔میری عوام سے اپیل ہے کہ جب یہ لوگ آپ سے آئندہ ا لیکشن میں ووٹ مانگنے آئیں تو انہیں آئینہ ضروری دکھائیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ  نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) نے 2013ء کے انتخابات میں عوام سے جو وعدے کیے تھے انہیں پورا کیا ہے ۔ان میں سب سے بڑا وعدہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا تھا۔اگر عوام نے مسلم لیگ(ن) کو ایک بار پھر خدمت کا موقع دیا تو اسی زورو شور سے ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے توانائی بحران کے خاتمے پر توجہ دینے کی بجائے لوٹ مار کی اوررینٹل پاور پراجیکٹ کے نام پر کرپشن کی ،نندی پورپاور پراجیکٹ کو روک کر غریب قوم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ گزشتہ حکومت نے کبھی رینٹل پاور کے نام پر لوٹ مار کی او رکبھی نندی پور پراجیکٹ میں 5برس کی تاخیر کی گئی ،اس طرح پاکستان کو ترقی کے سفر سے دور کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک مظفر گڑھ ،ڈی جی خان،بہاولپور ،ملتان،خانیوال اورجنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کو لاہور، سیالکوٹ اورگوجرانوالہ کا ہم پلہ نہ بنادوں ۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مخالفین نے الزام لگائے کہ شہباز شریف نے 27 ارب روپے کی رشوت لی اور میں نے پاناماکیس میں سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کو بچانے کی کوشش کی لیکن یہ تمام باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں،عمران خان مختلف صوبوں میں جلسے کرتے ہیں ، خدا کے لیے عدالت میں بھی پیش ہوجائیں اگراتنے ہی چیمپئن بنتے ہو تو عدالت میں آکر ثبوت پیش کرو دیر کیوں کررہے ہو۔شہباز شریف
تازہ ترین