اسلام آباد (جنگ نیوز)پی ٹی آئی کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ آصف زرداری سے متعلق پرویزمشرف نے جوبیان دیا ہے اس میں سچائی ہے ٗبے نظیر بھٹو کے قتل کا فائدہ کس کو ہوا؟ بے نظیر قتل کیس دوبارہ چلایا جائے، پرویز مشرف کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔جمعہ کو ایک بیان میں عائشہ گلالئی نے کہا کہ پرویز مشرف بے نظیر قتل کیس میں مظلوم ہیں،ان کو پھنسایا جارہا ہے ٗبے نظیرکی شہادت سے جوصدمہ ان کے بچوں کو پہنچا وہی مجھے پہنچا جس کے ساتھ استحصال ہوگا میں اس کا ساتھ دوں گی۔انہوں نے کہا کہ میں بے نظیر کو ماں کہہ کر پکارتی تھی، بے نظیرنے مجھے بیٹی کہا تھا، بلاول، بختاور، آصفہ میرے چھوٹے بہن بھائیوں کی طرح ہیں ۔بے نظیرکی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی کوچھوڑدیا تھا ۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ نیازی صاحب اپنے وژن سے ہٹ چکے ہیں، وہ عدالتوں اور الیکشن کمیشن سے مفرورہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جہلم کے ورکرز نے مجھے بلایا تھا توگزشتہ روز جہلم میں ہی تھی۔