سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسائل کا انبار ہے، حکمران ملک سے باہر ہیں ‘کچھ لوگ کہتے ہیں حکومت جارہی ہے ‘یہ لوگ واپس نہیں آئیں گے‘ملک کے حالات اچھے نہیں‘ حکومت اور اداروں کے درمیان ٹکراؤ ہوچکاہے‘ حکومت بھی اعتراف کرچکی ہے جبکہ پارلیمنٹ اور اداروں کے درمیان بھی ٹکراؤ کی کوشش کی جارہی ہے، جب تک میں اپوزیشن لیڈر ہوں اس وقت تک پارلیمنٹ کا اداروں سے ٹکراؤ نہیں ہونے دوں گا‘ووٹ کے تقدس کا احترام کرناہوگا‘مشرف وطن واپس آکر حالات کا سامنا کریں پتہ چل جائے گاکون شیر اورکون بکری ہے۔ وہ سکھر کے نواحی علاقے کندھرا میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پرویز مشرف کو عدالت کا سامنا کرنا پڑا تو کمر درد کا بہانہ بناکر بھاگ گئے اور دبئی جاکر ڈسکو ڈانس کرتے رہے، جن کو جیل اور موت کا ڈر ہے وہ قوم اور عوام کی بات نہیں کرتے، اگر پرویز مشرف اتنے ہی شیر ہیں تو پاکستان واپس آکر ہماری طرح حالات کا مقابلہ کریں، بینظیر کی طرح ملک واپس آئیں، بھٹو کی طرح سیاست کریں، آصف زرداری کی طرح جیل کاٹیں تو پتہ چل جائے گا کہ کون شیر اور کون بکری ہے۔ وہ بینظیر بھٹو سے ڈرتے اور گھبراتے تھے، انہیں آنے نہیں دیتے تھے۔