ملتان(سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر محمد ا دریس احمد آرپی او آفس پہنچے تو سٹی پولیس آفیسر محمد سلیم چوہدری، ایس ایس پی آپریشنز عمارہ اطہر ودیگر اعلیٰ افسران نے ان کااستقبال کیا ۔بعد ازاں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں آر پی او آفس میں قائم ڈویژنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کا معائنہ کیا اور اس بارے میں افسرا ن سے بریفنگ لی ۔ان کو بتایا گیا کہ ملتان ریجن ملتان ، وہاڑی ، خانیوال اور لودھراں میں محرم الحرام کے سلسلہ میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ حساس مجالس و جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ریجنل پولیس آفس میں براہ راست ما نٹیرنگ بھی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت رکھیں۔ ان ایام میں ہر پولیس افسر اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے سر انجام دے۔ سکیورٹی امور کی انجام دہی میں غفلت یا لاپرواہی برتنے والے پولیس ملازمان کو برطرف کر دیا جائے گا۔