اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بطور سیاسی کارکن وہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے، ان کے منہ سے بار بار وزیراعظم نواز شریف نکلتا ہے۔
سمن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ دو دن کے لیے لندن گیا تو کلثوم نواز کے دو آپریشن ہوچکے تھے، جوں ہی یہ مرحلہ مکمل ہوگا نواز شریف یہاں ہوں گے اور ہر چیز کا سامنا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد تو جماعت کے نواز شریف ہی ہیں، لیڈر ہمارا ایک ہی ہے، لیڈرشپ ابھی تک نواز شریف صاحب کے پاس ہی ہے، ان کے بعد شہباز شریف لیڈر ہیں، یہ لیڈرشپ ہی فیصلہ کرے گی کہ قیادت اب کس کو دینی ہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ انہیں آئین میں عبوری حکومت کی کوئی گنجائش نظر نہیں آتی،کوئی سیاسی جماعت عبوری حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب کا کیس عدالت میں ہے چند دن میں پتا چل جائے گا کیا فیصلہ ہوتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ مائنس ون اور مائنس ٹو کی باتیں توازن رکھنے کے لیے کی جاتی ہیں، اسحاق ڈار واپس آئیں گے،بہت سے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھرے گا۔