کراچی(ٹی وی رپورٹ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےکہا ہے کہ نواز شریف کا واپس آنا دانشمندانہ فیصلہ ہے موجودہ بحران کا حل الیکشن ہیں،ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما شیخ صلاح الدین نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کا ناسور پھیلنے کی وجہ مک مکا کی سیاست ہے اسی مک مکا کی سیاست کے توڑکے لئے فاروق ستار اور عمران خان میں اپوزیشن لیڈر کو بدلنے پربات ہوئی ہے ، سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم زمان کا کہنا تھا کہ ہوجانے والی مردم شماری سے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ہمیں مزید 10سے 15 سال تک یہی کھڑا رہنا ہوگا،سابق سیکریٹری دفاع جنرل (ر)نعیم خالد لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا کا کسی بات پراکھٹے ہوجانا اس بات کے سچے ہونے کی دلیل نہیں ۔ وہ جیوکے مارننگ شو ’’جیو پاکستان ‘‘میں گفتگو کر رہے تھے۔
گرینڈ ماسٹر مارشل آرٹ اشرف تائی اورجیو نیوز کے نمائندہ علی عمران سیدنے بھی گفتگو میں حصہ لیا جبکہ اسد امانت علی خان کو 62ویں یوم پیدائش پر اور امریکی گلوکاراینڈی ولیم کو ان کی برسی پر خراج عقید ت پیش کیا گیا ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سابق وزیراعظم کے وطن واپسی کے فیصلے کو دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ میں واحد شخص تھا جس کو نواز شریف کے وطن واپس آنے کا یقین تھا ، آرٹیکل 31Aکے تحت نیب سے عدم تعاون اور پیش نہ ہونے پر 3سال کی سزا یقینی ہوتی ، ساتھ ہی جائیداد یں بھی ضبط ہو سکتی تھیں ، اب عدالتوں میں پتا لگے گا کہ نواز شریف کوکیوں نکالا گیا ۔ اسحاق ڈار کیخلاف کیسز مکمل ہیں، حدیبیہ پیپر ملز کیس میں انھوں نے خود جعلی چیکس کے ذریعے 42 ملین منتقل کرنے کا اعتراف کیا ہوا ہے ۔
عمران خان کے قبل ازوقت انتخابات کے مطالبے پر شیخ رشید کا کہنا تھاکہ اس تصادم اور بحران کا ایک ہی حل الیکشن ہے ، دنیا میں ہردو سال بعد الیکشن ہوتے ہیں ، کچھ دنوں بعد عوام شدید معاشی بحران سے بھی واقف ہوجائے گی، آنے والے 6 مہینے پاکستان کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں ، ن لیگ اور نواز شریف کا رویہ پاکستان کے مستقبل کو واضح کرے گا ، سابق وزیراعظم نواز شریف کے وطن واپس آنے کے فیصلے کی طرح پارلیمانی موقف اپناتے ہوئے عدلیہ اور اداروں کی تذلیل نہ کی گئی تو پاکستا ن کے حالات کافی بہتر ہوجائیں گے ۔سابق سیکریٹری دفاع جنرل (ر)نعیم خالد لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا کا کسی بات پراکھٹے ہوجانا اس بات کے سچے ہونے کی دلیل نہیں ، بھارتی اخبار تحریک طالبان کی’’ ر‘‘ا کے ذریعے پشت پناہی کا انکشاف خود کررہا ہے ، اس سے پہلے بھی ان کے اپنے اخبارات اورچینلز سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹ کا پول کھول چکے ہیں ، ایسے میں بھارتی حکومت کے بجائے بھارتی عوام تک سچائی کا پہنچنا ضروری ہے، بھارتی رائے عامہ کوحقیقت کا علم ہونے سے بھارتی حکومت کے جھوٹے الزامات اور دعوئوں کی قلعی کھل جائے گی۔عالمی فورم پر الزامات کا مضبوط جواب دنیا کی توجہ کھینچ لیتا ہے ، بڑا ملک ہونا اور امریکی پشت پناہی ملنا بھارت کی ہٹ دھرمی کو مزید ہوا دیتا ہے ،ہمیں میڈیا کی طاقت کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنا موقف بار بار اس مضبوط میڈیم کے ذریعے دنیا کے سامنے لاتے رہنا ہوگا ۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما شیخ صلاح الدین نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کا ناسور پھیلنے کی وجہ مک مکا کی سیاست ہے اسی مک مکا کی سیاست کے توڑکے لئے فاروق ستار اور عمران خان میں اپوزیشن لیڈر کو بدل کر سیاست کی سمت درست کرنے کی کوشش کی گئی ، اسی سلسلے میں ملاقات بھی متوقع ہے ، ماضی کے تعلقات سے متعلق سوال پر شیخ صلاح الدین کا کہنا تھا کہ اس وقت پی ٹی آئی کا کرداربہتر ہے ، ایشوز ہوتے رہتے ہیں ، اگر اپوزیشن لیڈر کو بدلنے کا فیصلہ ہوتا ہے تو آگے کا لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم زمان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مبصرین کی رپورٹ کے مطابق مردم شماری میں پی ڈی ایس نے فوجیوں کو استعمال کیا اس کے باعث محتاط رہنے والے لوگ مردم شماری کے عمل میں حصہ نہیں ڈال سکے ، دوسری جانب کچھ ناقابل فہم اعداد وشمار سامنے آئے ، اسلام آباد کی دیہی آبادی میں ا ضافہ دیکھنے کو ملا ، کوئٹہ کی 6گناہ دیہی آبادی بڑھ گئی ۔دنیا میں مردم شماری کا مقصد قومی و ملکی استحکام کے لئے عمل میں لائی جاتی ہے ، پاکستان میں ہونے والی مردم شماری سے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ہمیں مزید 10سے 15 سال تک یہی کھڑا رہنا ہوگا ۔گائیکی کی دنیا کا روشن ستارہ اسد امانت علی خان کو 62ویں یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
44البمز کے مالک امریکی گلوکاراینڈی ولیم کو بھی ان کی برسی پر یاد کیا گیا ۔ میزبان عبداللہ سلطان کی مارشل آرٹ کے گرینڈ ماسٹر اشرف تائی سے ملاقات کی دلچسپ رپورٹ بھی ’’جیو پاکستان ‘‘میں شامل کی گئی ، اشرف تائی نے برما کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ برما میں مسلمانوں کے حالات ہمیشہ سے ایسے ہی رہے عالمی سطح پر اس کاکبھی کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، اب عالمی میڈیا نے دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ہے۔ینگون میں موجود جیو نیوز کے نمائندہ علی عمران سید نے آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کے مزار کے بارے میں بتایا کہ مزار پر سیاح اور مقامی مسلمان حاضری دیتے ہیں ، منتیں اور مرادیں مانگنا اور پوری ہونا باشندوں کا عقیدہ ہے ، بہادر شاہ ظفر کے ادب کے شاہکار بھی مزار میں جابجا بکھرے نظر آتے ہیں ، علی عمران سید کا مزید کہنا تھا کہ میانمار میں سیکیورٹی کی صورتحال بہت سخت ہے ، روہنگیا سے متعلق معلومات حاصل کرنا انتہائی مشکل ہے ،میانمار سے مسلمانوں کاجانا اور وہاں آنا ناممکنات میں سے ہے، ینگون میں صورتحال قدرے بہتر ہے ۔سری لنکا کیخلاف سیریز کے اسکواڈ پر بات کرتے ہوئے سینئر اسپورٹس جرنلسٹ یحیٰ حسینی کا کہنا تھا کہ ایک نام فواد عالم جس کا سب کو اسکواڈ میں ہونے کا انتظار تھا وہ نہیں ہیں اسی طرح شان مسعود کا ٹیم میں ہونا،یو اے ای کی پچ پر 5فاسٹ بولر ز کی ٹیم میں شمولیت اور اوپنرز کے لئے چوائسز کی کمی بھی سوالات کھڑے کر رہا ہے ، دوسری جانب پاکستان ٹیم کی پلاننگ کے لئے بورڈ کو یونس خان اور مصباح الحق کی صلاحیتیں فراہم کرنے کی طرف توجہ دینی چاہیے ۔