اسلام آباد (جنگ نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے گلے شکوے دور کرلئے گئے ہیں ۔ چوہدری نثار ، نواز شریف سے ملاقات کے لیے جب پنجاب ہاؤس پہنچے تو وہاں پرویز رشید، آصف کرمانی اور دیگر (ن) لیگی رہنما پہلے سے ہی موجود تھے تاہم دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے نوازشریف سے ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اور اس دوران ملکی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں کی ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے میاں نوازشریف سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا جب کہ نوازشریف نے بھی اپنے تحفظات سے چوہدری نثار کو آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ بعد ہونے والی اس ملاقات میں دونوں جانب سے گلے شکوے دور کرلیے گئے ہیں جبکہ چوہدری نثار نے اس دوران نواز شریف کی قیادت پر بھی بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔