لاہور(نمائندہ جنگ)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کسی ایک جماعت کی خواہش پر قبل ازوقت انتخابات نہیں ہو سکتے ، قبل از وقت انتخابات کرائے گئے تو موجودہ حکمران جماعت کو سیاسی شہید بننے کا موقع ملے گاـ روہنگیا مسلمانو ں کے قتل عام اورنسل کشی کے خلاف حکومت پاکستان سمیت 56اسلامی ممالک کو برما کے سفیروں کو نکال دینا چاہیے ـ منصورہ میں جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ایک نا اہل شخص جو آئین کی 62، 63 پر پورا نہیں اترتا اسے سیاسی جماعت کا سربراہ بنانا سپریم کورٹ کے فیصلوں پر شب خون مارنے کے مترادف ہے ـسراج الحق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے حکومت نے پارلیمنٹ کے اندر کمیٹی تشکیل دی تھی لیکن اس حوالے سے سینٹ میں جو بل منظور کیا گیا ہے اس نے انتخابی اصلاحات کو مشکوک بنا دیا ہےـ انہوں نے کہا کہ ایک نا اہل فرد کیلئے ترمیم بادشاہت میں ممکن ہے جمہوریت میں نہیںـ سرحد پار سے فائرنگ کر کے لیفٹیننٹ ارسلان کو شہید کرنے پر انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی جانب سے بھارت کو جواب نہیں مل رہا اور وہ ہمیں مسلسل حملہ کی دھمکیاں دے رہا ہے ـ روہنگیامیں مسلمانوں کے قتل عام اور نسل کشی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ روہنگیا میں پاکستان کو ترکی کی طرح کردار ادا کرتے ہوئے امت مسلمہ کی امامت کا کردار ادا کرنا چاہیے ـ انہوں نے مزیدکہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ن لیگ کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں جائے ، پھر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گاـ۔