• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج اور عدلیہ کو نیچا دکھانے کی نوا زشریف کی سازش ناکام ہوگی، چوہدری شجاعت

  لاہور، گجرات  (نمائندہ جنگ ،نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ فوج اور عدلیہ کو نیچا دکھانے کی نوازشریف کی گھنائونی سازش انشاء اللہ ناکام ہو گی ، چودھری پرویزالہیٰ نے کہا کہ ماڈل ٹائون میں 14  افراد کا خون بہانے والوں کو ایسی سزا ملے  گی کہ تاریخ میں لکھی جائے  گی ،آئندہ کسی کو بیگناہ شہری کو خون میں نہلانے کی جرات نہیں ہو گی ۔ وہ گجرات میں چودھری ظہورالہیٰ شہید کی برسی  کی تقریب  میں  ملک بھر سے آنے والے ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ چودھری وجاہت حسین اور حسین الہیٰ بھی تقریب میں شریک تھے۔ شرکأ شہید ِجمہوریت چودھری ظہورالہیٰ کے حق میں نعرےلگاتے رہے۔چودھری شجاعت حسین نے  اپنے خطاب  میں مزید کہا میں نے آج تک پاکستان میں اتنا برا وقت نہیں دیکھا، نوازشریف نے ذاتی انا کیلئے ہر وہ کام کرنے کی کوشش کی جو ان کے حق میں اور ملک کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ گو نواز گو ہو رہا ہے، مسجد نبوی میں بھی چور چور کے نعرے لگ گئے ،اس سے زیادہ اور کیا بے عزتی ہو سکتی ہے۔ نوازشریف نے تو اپنی بیٹی  سے بھی جعلی دستاویزات پر دستخط کروا لئے اور پھر کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سپریم کورٹ اور فوج دو ایسے ادارے ہیں جن پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے لیکن نوازشریف نے ان دونوں اداروں کو بدنام کرنے کی بہت کوشش کی، سپریم کورٹ پر آفرین ہے کہ وہ ساری چیزیں بڑے حوصلے کے ساتھ برداشت کر رہی ہے، میں آج پیشگی کہہ رہا ہوں کہ  حالات جلد تبدیل ہو جائیں گے۔ چودھری پرویزالہیٰ نے  کہا کہ چودھری ظہورالہیٰ کی شہادت پر تمام مخالفین اکٹھے ہو گئے اور ہمارے خاندان کی سیاست کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر ناکام رہے جس کا ثبوت آپ سب کی یہاں موجودگی ہے، پچیس سال سے ن لیگ حکومت میں ہے پھر بھی ان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، خود ہی میچ کرواتے ہیں لیکن اس میں بلکہ جہاں بھی جاتے ہیں چور چور کے نعرے لگتے ہیں، ایسی دولت اور حکمرانی کا کیا فائدہ جس میں عزت ہی نہ رہے،چھوٹو گینگ سمجھتا ہے کہ ان کو ماڈل ٹائون کے 14 شہیدوں کے خون کی سزا نہیں ملے گی، مجھے اللہ تعالیٰ پر یقین ہے اس لیے میں کہتا ہوں کہ شہبازشریف اور ان کے حواریوں رانا ثناء اللہ اور سابق آئی جی وغیرہ  کوایسی سزا ضرور ملے گی کہ تاریخ یاد رکھے گی، اللہ کی قدرت دیکھیں کہ نوازشریف کی اپنی تقریریں ہی ان کے خلاف گواہی بن رہی ہیں، اس خاندان نے  غریبوں سے نوالہ تو چھین ہی لیا ،اب بیس ہزار سرکاری سکول بند کر کے تعلیم بھی چھین لی ہے۔ چودھری پرویزالہیٰ نے کہا کہ چین میں 48کروڑ روپے فی کلومیٹر اور بھارت میں 25کروڑ فی کلومیٹر بننے والی جنگلہ بس انہوں نے لاہور میں ایک ارب دس کروڑ اور اور اسلام آباد میں 2 ارب روپے فی کلومیٹر میں بنائی، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں ہے کہ شہبازشریف نے پنجاب کا 63 فیصد بجٹ صرف لاہور پر لگایا ہے جس سے باقی صوبہ محرومی کا شکار ہے۔ چودھری پرویزالہیٰ  نے مزید کہا کہ نوازشریف بار بار کہہ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا ۔انہیں آج تک سمجھ نہیں آئی کہ کرپشن، غریب عوام کا خون چوسنے اور ظلم کرنے کی بنا پر نکالا گیا ، عوام نے تو شریف خاندان کو دلوں سے نکال دیا ہے، شریف خاندان اور ان کے حواریوں نے ملک کو لوٹا اور اپنا خزانہ بڑھایا، گجرات شہر کا حال پہلے سے بھی برا ہے، یہاں اربوں روپے ’’خرچ‘‘ کئے گئے تاکہ بارش میں کشتیاں چلائی جائیں، ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے،  آج بھی ملک میں 4ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال ہے، نوازشریف اپنا سارا پیسہ باہر لے جا چکے ہیں اور ان کے اپنے ارکان اسمبلی بھی رو رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ کیا ہو گیا۔ چودھری پرویزالہیٰ نے کہا کہ میرا دل کہہ رہا ہے کہ آئندہ برس جب ہم چودھری ظہورالہیٰ شہید کی برسی پر دوبارہ اکٹھے ہوں گے تو پاکستان کے حالات تبدیل ہو چکے ہوں گے ، عوام کی ان ظالم حکمرانوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائے گی۔ اس موقع پر چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار ہیں، چودھری ظہورالہیٰ نے جمہوریت کیلئے اپنی جان قربان کر دی۔ سردار آصف نکئی، ریاض اصغر چودھری، سعادت نواز اجنالہ، ڈاکٹر زین علی بھٹی، چودھری طاہر ترکھا، امتیاز رانجھا، چودھری مقصود گجر، چودھری عبداللہ یوسف، خالد اصغر گھرال، رحمنٰ نصیر، پرویزاختر پگانوالہ، مخدوم بابر، ذوالفقار پپن، حق نواز سنگلہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما سٹیج پر موجود تھے۔  پنڈال میں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالہیٰ، چودھری وجاہت حسین کی تصاویر کےپوسٹر لگائے گئے تھے۔
تازہ ترین