• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی :گلشن حدید کے کلینک میں غیرت کے نام پر قتل

Karachi Honour Killing In Hospital At Gulshan E Hadeed

کراچی کے مضافاتی علاقے میں غیرت کے نام پر ایک شخص کو قتل کردیا گیا، واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں لرزہ خیز مناظر ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کرنے والے ملزم اور اسے اکسانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کراچی کے مضافاتی علاقے گلشن حدید کے کلینک میں ڈسپنسر نواب خان کو چھریوں کے وار کر کے قتل اس وقت قتل کردیا گیا جب وہ سو رہا تھا۔

واردات کی خوفناک وڈیو بھی سامنے آگئی ہےجس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نواب خان ڈیوٹی ختم کر کے سو رہا تھا تو چہرے پر نقاب ڈالے ایک ملزم چھری لے کر داخل ہوا۔

ملزم نے سوتے ہوئے نواب خان پر چھریوں کے پے درپے وار کیے، اس دوران نواب خان کی جانب سے مزاحمت پر ملزم کا نقاب بھی ایک بار اتر گیا جس میں ملزم کا چہرہ صاف نظر آیا، واردات کے بعد ملزم نے قتل کا اطمینان کیا اور نقاب پہن کر فرار ہوگیا۔

اسٹیل ٹاؤن تھانے کے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر ملک الطاف نے بتایا کہ یہ قتل غیرت کے نام پر منصوبہ بندی سے کیا گیا جس میں ملوث ملزمان راجیش اور رمیش کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قتل کیے گئے نواب کے راجیش کی بیوی سے تعلقات تھے، نواب جس کلینک میں ڈسپنسر تھا وہیں رمیش بھی ملازمت کرتا تھا۔

رمیش نے راجیش کونواب اور سونیا کے تعلقات کا بتاکر نواب کے قتل پر اکسایا، راجیش کو قتل کے لیے چھری بھی رمیش نے فراہم کی ۔

ایس ایس پی ملک الطاف کے مطابق راجیش نے ایک موقع پر قتل سے انکار کیا تو رمیش نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر کلینک میں لگے کیمرے کا زاویہ بھی رمیش نے تبدیل کیا تاکہ ویڈیو صاف نہ آسکے۔

تازہ ترین