کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ پہلی پاکستان سپر ہاکی لیگ آئندہ سال اپریل میں پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی جس کے مقابلے کراچی، لاہور، گوجرہ اور فیصل آ باد میں کھیلے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ مقابلے 24 اپریل سے شروع ہونگے جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی اپنی دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔
ہر ٹیم میں تین سے چار غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ میں آسٹریلیا، ارجنٹائن اور دیگر ممالک کے غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ پاکستان ہاکی لیگ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی لیگ سے ہاکی لیگ پی ایچ ایف کو مالی سپورٹ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ قومی کھیلوں میں کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ بحال کرے گی۔
ہاکی ایشیاءکپ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایشیاءہاکی کپ آئندہ ماہ 11 اکتوبر سے بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایشیاء کپ میں ہماری ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال قومی ٹیم آسٹریلیا اور یورپ کے دورے پر بھی جائے گی اور بھارت میں ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر نریندر بٹرا کے ساتھ دبئی میں ہونے والی ملاقات میں طے پایا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ویزا کے پراسیس کو بھی آسان بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے وقت سے قبل ویزے کے لئے درخواست جمع کرادیں گے ۔