لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاہے کہ ایک مجرم قومی اداروں کا تمسخر اڑا رہا ہے ، اسے روکنا ہو گا ۔
سپریم کورٹ کے خلاف لغویات کی انتہا ہو گئی ،انصاف کے ضامن ادارے کے خلاف نا اہل کی پریس کانفرنس توہین عدالت ہے ، کارروائی ہونی چاہیے ۔
آج اگر اسے نظر انداز کیا گیا تو کل ہر سزا یافتہ مجرم زبان درازی کرے گا ۔
نا اہل ٹولہ اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور دشمنوں کے بیانیہ کو پروموٹ کرنے کی بجائے اپنی بے گناہی کے ثبوت احتساب عدالت میں دے ،انشا اللہ آخری فتح پاکستان ،اس کے عوام،انصاف اور قومی سلامتی کے اداروں کی ہو گی ۔وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ نا اہلی کے فیصلے سے پورے ملک میں ایک پتہ بھی نہیں ہلا جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی عوامی توثیق ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ایک نا اہل شخص کو کس حیثیت میں پروٹوکول دے رہی ہے؟