• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹھٹھہ،بھتہ خوروں کے تشدد کے خلاف ویگن ڈرائیوروں کا احتجاج

ٹھٹھہ(نامہ نگار) پک اپ ڈرائیور پر تشدد کے خلاف ساتھی ڈرائیوروں نے  احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈنڈا بردار ملزمان کی جانب سے بھتہ دینے سے انکار کرنے پر پک اپ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف ڈرائیورز نے محبوب علی، سلیمان، منور علی، خمیسو خان و دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور پک اپس کھڑی کرکے قومی شاہراہ بلاک کردی جس کے باعث قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی، اس موقع پر مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ با اثر ملزمان جامع مسجد شاہجہان کے قریب پک اپس کھڑی کرنے پر ڈرائیورز سے غیر قانونی طور پر بھتہ وصول کرتے ہیں، ہفتہ کے دن جب ایک ڈرائیور خمیسو خان نے بھتہ دینے سے انکار کیا تو ڈنڈا بردار ملزمان نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے جو کہ کھلی دہشتگردی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پک اپ ڈرائیور پر تشدد میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو ڈرائیورز سراپا احتجاج ہونگے، بعد ازاں ایس ایچ او ٹھٹھہ اسلم جاگیرانی نے موقع پر پہنچ کر ملزمان گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔  

تازہ ترین