• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹار باکسر وسیم کی ایک اور فتح،سلور فلائی ویٹ ٹائٹل پھرنام کرلیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی باکسر محمد وسیم نے ورلڈ باکسنگ کونسل سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔ ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) انٹرنیشنل رینکنگ بائوٹ میں انہوں نے کارلوس میلیو کو پہلے ہی رائونڈ میں شکست دی۔ محمد وسیم کی پروفیشنل باکسنگ کیریئر کی آٹھویں بائوٹ تھی جس میں وہ ناقابل شکست رہے۔  اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلائی ویٹ کیٹگری کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون ہونے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔ پانامہ سٹی میں انٹرنیشنل رینکنگ آٹھ رائونڈز پر مشتمل فائٹ کے پہلے ہی رائونڈ میں محمد وسیم نے کارلوس میلیو کے خلاف جارحانہ انداز اختیار کیا جس پر کارلوس دبائو کا شکار ہوگئے اور مزید فائٹ لڑنے سے انکار کیا اور ریفری نے محمد وسیم کو فاتح قرار دیدیا۔

ورلڈ باکسنگ کونسل کی عالمی رینکنگ میں محمد وسیم فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلے، میکسیکو کے باکسر فرانسسکو روڈریگوئز جونیئر دوسرے اور برطانوی باکسر اینڈریو سیلبی تیسرے نمبر پر ہیں۔ محمد وسیم یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی باکسر ہیں۔ محمد وسیم کی کامیابی پر ان کے آبائی شہر کوئٹہ میں جشن منایا گیا۔ محمد وسیم کے کوچ عطا محمد کاکڑ نے جنگ باتیں کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ میرا شاگردآج پروفیشنل باکسنگ میں پاکستان کا نام روشن کررہا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسپورٹس بلوچستان منظور احمد کاکڑ نے بھی محمد وسیم کو ٹائٹل جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ 

تازہ ترین