اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مشرف رسول کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے تعیناتی کے خلاف اسلام درخواست 26 سینیٹرز نے مشترکہ طور پر دائر کی ہے جس میں وفاق بذریعہ سیکرٹری ایوی ایشن ، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کارپوریشن لمیٹڈ اور مشرف رسول کو فریق بنایا گیا ہے۔ سینیٹر اعظم خان سواتی ، روزی خان کاکڑ ، فرحت اللہ بابر اور رحمٰن ملک سمیت 26 سینیٹرز کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ مشرف رسول 20 مئی کے اشتہار کے مطابق اس آسامی پر پورا نہیں اترتے لہٰذا 10 اگست 2017ءکو جاری ہونیوالا ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ پٹیشن کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او کی تعیناتی کے حوالے سے درخواست گزاروں کا کوئی ذاتی مفاد نہیں تاہم درخواست گزاروں میں سے بیشتر سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے پی آئی اے کے اراکین ہیں۔